اسلام آباد (لارڈ میڈیا) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کو مبارکباد پیش کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے سعودی قیادت کے نام تہنیتی پیغامات میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدے، تاریخ اور دوستی کے گہرے رشتوں میں بندھے ہیں۔ انہوں نے تزویراتی باہمی دفاعی معاہدے کو دیرینہ شراکت داری کا سنگ میل قرار دیا جو خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی حمایت کے ذریعے مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی امید ظاہر کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت کو لاحق خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔


