نیویارک (لارڈ میڈیا): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد نیو جرسی اسٹیڈیم میں فاتح کپتان کے ہاتھوں میں ٹرافی اٹھانا یادگار لمحہ ہوگا، مگر چیمپئن ٹیم اصل ورلڈ کپ ٹرافی ہمیشہ کے لیے اپنے پاس نہیں رکھ سکتی۔ فیفا قوانین کے مطابق اصل ٹرافی ہمیشہ فیفا کی تحویل میں رہتی ہے اور اسے صرف سابق عالمی چیمپئنز اور سربراہانِ مملکت ہی چھو سکتے ہیں۔ فاتح ٹیم کو سونے کی تہہ چڑھی کانسی سے تیار کردہ ٹرافی دی جاتی ہے۔
اس بار فیفا ورلڈ کپ ٹرافی فاتح ٹیم کے کپتان کو فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشترکہ طور پر پیش کی، جو کہ ایک غیر معمولی روایت ہے۔
فیفا ورلڈ کپ ٹرافی 18 قیراط سونے سے بنی ہوتی ہے، اس کی اونچائی 36.5 سینٹی میٹر اور وزن 6.175 کلوگرام ہوتا ہے۔ ٹرافی کے نچلے حصے میں سبز رنگ کا میلاکائٹ پتھر استعمال کیا جاتا ہے، جسے اطالوی مجسمہ ساز سلویو گازانیگا نے تخلیق کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق ٹرافی میں استعمال ہونے والے سونے کی قیمت تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار سے 4 لاکھ امریکی ڈالر کے درمیان ہے۔ تاہم اس کی مجموعی مالیت 2 کروڑ امریکی ڈالر سمجھی جاتی ہے، جو اسے دنیا کی قیمتی ترین کھیلوں کی ٹرافیوں میں شامل کرتی ہے۔


