نیویارک (لارڈ میڈیا): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے اضافی وقت میں ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ دنیا کا فٹبال چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ فیران ٹوریس نے 106 ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کیا۔
میچ کے دوران اسپین نے آغاز ہی سے بہتر کھیل پیش کیا اور گول کے کئی واضح مواقع بھی بنائے لیکن ارجنٹائن کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز ہر بار دیوار بن کر سامنے آئے۔
ارجنٹائن کو بڑا دھچکا لگا جب مڈفیلڈر اینزو فرنانڈیز کو خطرناک ٹیکل پر دوسرا پیلا کارڈ ملنے کے بعد میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ اضافی وقت میں اسپین نے اپنی برتری قائم رکھی۔
فائنل میچ میں اسپین کے لامین یامال، میکل اویارزابال اور نیکو ولیمز مسلسل ارجنٹینا کے دفاع کے لیے خطرہ بنے رہے جبکہ ایک موقع پر ولیمز کا گول فاؤل کے باعث مسترد کر دیا گیا۔
میچ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اسٹیڈیم موجود تھے جبکہ شکیرا، میڈونا اور جسٹن بیبر کے ہاف ٹائم شو نے شائقین کو محظوظ کیا۔
اسپین نے نہ صرف اپنی تاریخ کا دوسرا مردوں کا ورلڈ کپ جیتا بلکہ بیک وقت مردوں اور خواتین دونوں کے ورلڈ کپ ٹائٹلز رکھنے والا پہلا ملک بن گیا۔
ارجنٹینا ساتویں بار فائنل میں پہنچی اور لیونل میسی کے ممکنہ آخری ورلڈ کپ میچ میں فتح کی امید کر رہی تھی لیکن اسپین کے خلاف کامیاب نہ ہو سکی۔


