اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو بچانا ہے تو تعلیم، جمہوریت اور معاشی اصلاحات پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ تعلیم پر 25 ڈالر خرچ کرنے والی قومیں 425 ڈالر خرچ کرنے والوں کا مقابلہ نہیں کر سکتیں، جبکہ چین ہم سے 17 گنا زیادہ تعلیم پر سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ ہماری معیشت ترقی نہیں کر رہی اور آئی سی یو میں پڑی ہے۔ پانچ بجٹ پیش کرنے کے باوجود معیشت کو آئی سی یو سے نہیں نکالا جا سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومیں پتھر بیچ کر نہیں بلکہ انسانوں پر سرمایہ کاری کر کے ترقی کرتی ہیں۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ کم آمدن والے طبقے کے لئے زندگی گزارنا مشکل ہو گیا ہے اور حکومت اپنے اخراجات کم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ عوامی مسائل حل کئے بغیر بجٹ کامیاب نہیں ہو سکتا اور ٹیکس اور سہولیات کا نظام ساتھ چلنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھاری ٹیکسوں کے باوجود سروسز کا فقدان ہے، جس سے ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کا خلا بڑھ رہا ہے۔


