اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی حکومت نے 12 جون سے بجٹ کی منظوری تک بجٹ اجلاس کو بلا تعطل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ بجٹ کو عاشورہ محرم سے قبل 23 یا 24 جون تک پارلیمنٹ سے منظور کروا لیا جائے۔ اس مقصد کے لیے بجٹ اجلاس بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا اور ہفتہ و اتوار کی تعطیلات بھی نہیں ہوں گی۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں بجٹ اجلاس کے شیڈول پر غور کیا گیا، جس کے تحت اجلاس منظوری تک مسلسل جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔
ذرائع کے مطابق اگر عاشورہ محرم سے قبل بجٹ کی منظوری ممکن نہ ہو سکی تو صرف عاشورہ کی سرکاری تعطیلات ہوں گی، اس کے علاوہ اجلاس میں کوئی وقفہ نہیں دیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ضمنی گرانٹس کی منظوری محرم الحرام کی تعطیلات کے بعد لی جائے گی، جبکہ حکومت کا ہدف عاشورہ سے قبل بجٹ کی منظوری حاصل کرنا ہے۔


