لاہور (لارڈ میڈیا): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے غیر محفوظ خوراک کے سدباب کو مشترکہ ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقی ادارے، نجی شعبے اور سول سوسائٹی محفوظ اور مضبوط غذائی نظام کی تشکیل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ تحفظ خوراک کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام اور ان کے اثرات کے جامع تخمینہ کی رپورٹ شائع کی گئی ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب زرخیز زمین، محنتی کسان اور زرعی صلاحیتوں سے مالا مال ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت، آبادی میں اضافہ اور خوراک کے بدلتے رجحانات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جس کے لئے مربوط حکمت عملی پر کام جاری ہے۔ پنجاب حکومت زرعی پیداوار بڑھانے اور موسمیاتی اثرات کی کمی کیلئے جامع اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی صوبہ بھر میں معیاری خوراک کی فراہمی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔ خوراک کے ضیاع کو روکنے کیلئے ون ڈش کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
مریم نوازنے عوام کو جنک فوڈ کی بجائے متوازن اور صحت بخش غذا کے استعمال کی ترغیب دی ہے۔


