اسلام آباد (لارڈ میڈیا): ناروے کے وزیر خارجہ کل پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر پہنچیں گے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر یہ دورہ 13 تا 14 اگست 2026 کو منعقد ہوگا۔ گزشتہ ایک دہائی میں ناروے کے کسی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس دورے کے دوران اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ دونوں وزرائے خارجہ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کریں گے۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ناروے کے وزیر خارجہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط کرنے اور تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔


