اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی 26 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے اور ہم ہر سال نیوزی لینڈ سے زیادہ آبادی پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2030 تک پاکستان آبادی کے لحاظ سے چوتھا بڑا ملک بن جائے گا۔
وفاقی وزیر نے پاک چائنہ فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ کیئر بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس کے حوالے سے بتایا کہ دو دن کی کانفرنس میں 240 وفود اور 140 چائنیز کمپنیاں شامل ہوئیں۔ اس دوران 340 دوطرفہ بزنس میٹنگز ہوئیں اور 22 کمپنیز نے معاہدے سائن کیے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کانفرنس میں 629.5 ملین ڈالر مالیت کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں اور ان کمپنیز کے ساتھ بات چیت جاری ہے کہ ان کو عملی جامہ کیسے پہنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 13 اقسام کی ویکسین باہر سے امپورٹ کی جاتی ہیں جبکہ پاکستان نے پہلی ویکسین کا پالیسی ڈاکیومنٹ تیار کر لیا ہے۔ موجودہ وقت میں پاکستان 85 فیصد دوائیں خود بناتا ہے تاہم ان کے 95 فیصد خام مال کو درآمد کیا جاتا ہے۔


