لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 23 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق، پنجاب میں بارشوں کے نتیجے میں چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں 9 افراد کی موت واقع ہوئی، جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں کے باعث 14 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 مرد، 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔ زخمیوں میں 11 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
لاہور، رائیونڈ، پاکپتن، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ساہیوال، منڈی بہاؤالدین اور بہاولنگر سمیت مختلف علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔
پنڈی بھٹیاں میں طوفانی بارش کے باعث سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 24 جولائی تک جاری رہے گا۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے۔


