کراچی (لارڈ میڈیا): شہر میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران ریاست جدگال گروہ کے دو شوٹرز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق پرانا گولیمار کے علاقے میں پاک کالونی پولیس نے وفاقی سول حساس ادارے کے ساتھ مل کر کارروائی کی، جس میں ریاست جدگال گروہ کے دو مبینہ شوٹرز گرفتار ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے بعد چار ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت زبیر عرف دادا اور جمشید عرف سندھی کے نام سے ہوئی ہے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے پانچ پستول، ایک ایم پی فائیو، ایک منی کلاشنکوف، گولیاں اور 1300 گرام چرس بھی برآمد کی گئی۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ گرفتار ملزم زبیر عرف دادا منشیات کے نیٹ ورک اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار اور فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔


