واشنگٹن (لارڈ میڈیا) امریکا نے ایران کے مرکزی بینک کے 13 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کے ڈیجیٹل اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اعلان کیا کہ یہ اقدام ایران کی مبینہ غیر قانونی مالیاتی نیٹ ورکس کے ذریعے حاصل کیے جانے والے فنڈز کی رسائی محدود کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کی وسیع مہم کے تحت ایرانی سرگرمیوں کی مالی معاونت کے لیے ڈیجیٹل اثاثوں کے استعمال کو روکنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ان کا محکمہ ایران کی غیر قانونی مالی سرگرمیوں کو متاثر اور کمزور کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
آج محکمہ خزانہ کے دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول نے ایران کے مرکزی بینک سے منسلک متعدد کرپٹو والیٹس پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ اس کے نتیجے میں 13 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کے اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں۔
سکاٹ بیسنٹ نے مزید کہا کہ محکمہ خزانہ ایران کے مالیاتی ذرائع کو مسلسل نشانہ بناتا رہے گا تاکہ ایرانی حکومت کو مبینہ غیر قانونی آمدنی سے حاصل ہونے والے وسائل تک رسائی سے محروم رکھا جا سکے۔


