ہومUncategorizedپیٹرول لیوی کی مد میں عوام سے جگا ٹیکس وصول کیا جا...

پیٹرول لیوی کی مد میں عوام سے جگا ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، حافظ نعیم

لاہور (لارڈ میڈیا): امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر پیٹرول پر لیوی کی مد میں جگا ٹیکس وصول کرنے کا الزام لگایا ہے۔ لاہور میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں، پیٹرولیم لیوی، بجلی و گیس کے بلوں اور مہنگائی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد تیز کرے گی اور ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جنگی حالات کے دوران حکومت نے عالمی مارکیٹ کا جواز بنا کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا، لیکن جنگ بندی کے بعد بھی عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیٹرول پر فی لیٹر 80 روپے لیوی عائد کر رکھی ہے جس سے اب تک ساڑھے آٹھ ہزار ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایسے افراد سے بھی ٹیکس وصول کیا جن پر ٹیکس نہیں ہونا چاہیے تھا اور اربوں روپے وصول کرنے کے باوجود ملک کی ریفائنریز میں کوئی خاطر خواہ بہتری نہیں لائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوامی اور منظم جماعت ہے جو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کے خلاف آواز بلند کرتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام بجلی اور گیس کے بھاری بلوں سے پریشان ہیں جبکہ کسان، مزدور اور دیگر محنت کش طبقات مہنگائی اور معاشی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی طاقت کے ذریعے حکومت کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرنے پر مجبور کرے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی بہت جلد ملک کے تمام شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کرے گی تاکہ عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں