اسلام آباد (لارڈ میڈیا): مالی سال 2025-26 کے اقتصادی سروے کے مطابق ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی کھپت ایک کروڑ 36 لاکھ میٹرک ٹن رہی، جبکہ گھریلو سیکٹر میں پیٹرولیم مصنوعات کا استعمال 51 فیصد کم ہو گیا۔
اقتصادی سروے کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 3.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سروے میں بتایا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر پٹرولیم مصنوعات کا سب سے بڑا صارف رہا، جہاں کھپت میں 6.7 فیصد اضافہ ہوا۔ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پٹرولیم مصنوعات کی کھپت کل طلب کا 82 فیصد رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق ٹرانسپورٹ سیکٹر میں پٹرولیم مصنوعات کی کھپت ایک کروڑ میٹرک ٹن سے بڑھ کر ایک کروڑ 12 لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب صنعتی شعبے میں پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں کھپت 42.6 فیصد کم ہوئی۔
صنعتی سیکٹر میں پٹرولیم مصنوعات کی کھپت 7 لاکھ 54 ہزار میٹرک ٹن سے کم ہو کر 4 لاکھ 33 ہزار میٹرک ٹن رہ گئی، جبکہ صنعتی شعبے کا کل طلب میں حصہ 3.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
پاور سیکٹر میں پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں 15 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مالی سال 2025-26 میں 8 ارب 93 کروڑ 31 لاکھ ڈالر کی پیٹرولیم مصنوعات درآمد ہوئیں۔


