اسلام آباد (لارڈ میڈیا): ملک میں مالی سال 2025-26 کے اقتصادی سروے کے مطابق گدھوں کی تعداد میں دو لاکھ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد گدھوں کی مجموعی تعداد 60 لاکھ سے بڑھ کر 62 لاکھ ہو گئی ہے۔
سروے کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں خچروں کی تعداد 2 لاکھ جبکہ گھوڑوں کی تعداد گزشتہ سال کی طرح 4 لاکھ برقرار رہی۔
ملک میں بھینسوں کی تعداد 4 کروڑ 91 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ سال 4 کروڑ 77 لاکھ تھی، اس طرح ایک سال کے دوران بھینسوں کی تعداد میں 14 لاکھ کا اضافہ ہوا۔
بکریاں ملک کا سب سے بڑا مویشی اثاثہ ہیں، جن کی تعداد 9 کروڑ 18 لاکھ ریکارڈ کی گئی، گزشتہ سال کے مقابلے میں بکریوں کی تعداد میں 24 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
گائے کی تعداد 6 کروڑ 19 لاکھ ریکارڈ کی گئی، جس میں گزشتہ سال کی نسبت 22 لاکھ کا اضافہ ہوا۔ بھیڑوں کی تعداد 3 کروڑ 35 لاکھ رہی، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 3 لاکھ زیادہ ہے۔
اقتصادی سروے کے مطابق ملک میں اونٹوں کی تعداد 11 لاکھ 93 ہزار ریکارڈ کی گئی ہے، جو ملک میں لائیو اسٹاک سیکٹر کی ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔


