نئی دہلی (لارڈ میڈیا): بھارتی حکومت نے مندروں کے سونے کو سرکاری قبضے میں لینے کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔ وزارت داخلہ اور پریس انفارمیشن بیورو نے سوشل میڈیا پر وائرل پیغامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ سونے کی مانیٹائزیشن کے حوالے سے کوئی نئی اسکیم نہیں ہے اور نہ ہی مندروں کے سونے پر کوئی زبردستی کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر افواہوں کا آغاز انڈیا بُلین اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی تجویز سے ہوا کہ مندروں کے سونے کو ملکی معیشت کے فائدے کے لیے استعمال کیا جائے۔ تاہم حکومت نے وضاحت کی ہے کہ اس تجویز کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔
حکومت نے اپیل کی ہے کہ عوام غیر تصدیق شدہ معلومات پر یقین نہ کریں۔ بھارت میں سنہ 2015 سے گولڈ مانیٹائزیشن اسکیم موجود ہے، جس کے تحت شہری اور مندر اپنی مرضی سے سونا بینکوں میں جمع کرا سکتے ہیں۔


