بیجنگ (شِنہوا) چین نے تین روزہ چھنگ منگ تہوار کی تعطیلات کے دوران صارفین کی خریداری میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تہوار اور کئی علاقوں میں پرائمری اور سیکنڈری سکولوں کی بہار کی چھٹیاں آپس میں ملنے کے باعث سفری رش میں بھی اضافہ ہوا۔
4 اپریل سے 6 اپریل تک جاری رہنے والی چھٹیوں کے دوران وزارت تجارت کی نگرانی میں ریٹیل اور کھانے پینے کی اہم کمپنیوں کی روزانہ اوسط فروخت گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.4 فیصد بڑھی۔
اعداد و شمار کے مطابق اہم پلیٹ فارمز پر ہوٹل میں قیام کی شرح گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.6 فیصد بڑھی جبکہ شہروں کے درمیان سفر میں 15.1 فیصد اضافہ ہوا۔
وزارت کے مطابق چھٹیوں کے دوران خاندانوں کے سفر میں اضافے کی وجہ سے کرایہ پر کار لینے کے عمل میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 40 فیصد اضافہ ہوا۔
وزارت کے اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوتاہے کہ چھٹیوں کے دوران سمارٹ چشمے، سمارٹ گھڑیاں، بینڈز اور خون میں شوگر ماپنے کے سمارٹ آلات سمیت سمارٹ مصنوعات کی آن لائن فروخت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔
چھنگ منگ تہوار یا قبروں کی صفائی کا دن اس سال 5 اپریل کو منایا گیا۔ یہ چینی روایت ہے جس میں لوگ اپنے مرحومین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ یہ چھٹی لوگوں کو باہر جانے اور سیر و تفریح کے لئے مختصر وقفہ بھی ہے۔
چھٹیوں کے دوران چین بھر میں تقریباً 84 کروڑ 53 لاکھ 80 ہزار مسافر دورے ریکارڈ کئے گئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہیں۔ ٹرانسپورٹ حکام کے مطابق یومیہ سفر کی اوسط تعداد 28 کروڑ 17 لاکھ 90 ہزار رہی۔


