اسلام آباد (لارڈ میڈیا) نادرا نے ایف آئی اے کی جانب سے خفیہ معلومات کے حصول کے لیے مقررہ پروٹوکول کی خلاف ورزی پر ڈی جی ایف آئی اے کو باضابطہ شکایت ارسال کر دی ہے۔ نادرا نے مراسلے میں نشاندہی کی کہ آسٹریلوی پولیس کی درخواستوں سے متعلق ایف آئی اے نے مینوئل خطوط ارسال کیے۔
نادرا کے مراسلے کے بعد ڈی جی ایف آئی اے نے تمام زونز کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ معلومات کے حصول کے لیے ڈیٹا شیئرنگ ماڈیول پورٹل کے ذریعے نادرا کو درخواست بھیجیں۔ ڈی جی نے تمام ایف آئی اے زونز کو محکموں سے براہ راست رابطے سے روک دیا ہے اور اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کے ذریعے معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے حکم دیا ہے کہ حکمنامے کی خلاف ورزی پر متعلقہ حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مینوئل ڈاک کے ذریعے خفیہ معلومات لیک ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔


