لاہور (لارڈ میڈیا): سیرین ایئر نے پاکستان میں اپنے تمام فضائی آپریشنز بند کر دیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ دفاتر بھی خالی کرالیے ہیں۔ پائلٹس سمیت سیکڑوں ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا شکار ہیں۔
گزشتہ سال سے بند سیرین ایئر لائن دوبارہ اپنا فضائی آپریشن بحال نہ کر سکی۔ ایئر لائن نے لاہور، اسلام آباد، کراچی، فیصل آباد اور ملتان ایئرپورٹس پر اپنے دفاتر بند کر دیے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر لائن سے دفاتر خالی کرا لیے ہیں، جبکہ لینڈنگ، ٹیک آف اور پارکنگ چارجز کے کروڑوں روپے کے واجبات سیکیورٹی کی مد میں جمع کرائی گئی رقم سے وصول کر لیے گئے ہیں۔
سیرین ایئر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایئر لائن نے حکومتی اداروں، سی اے اے، ٹیکس اور کرائے کے واجبات کلیئر کر دیے ہیں، مگر ناگزیر وجوہات کی بنا پر آپریشن بحال نہ کر سکی۔ ایئر لائن کے پاس جہازوں کی مطلوبہ مقدار پوری نہ تھی، دو جہاز خراب ہوئے جنہیں بروقت ٹھیک نہیں کرایا جا سکا۔ ایئرپورٹ اتھارٹی نے گریس پیریڈ بھی دیا مگر ایئرلائن اپنے خراب جہازوں کو نہ ٹھیک کراسکی اور نہ ہی نئے جہاز لے سکی۔


