مظفرآباد (لارڈ میڈیا) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پولنگ 24 اگست کو ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق مخصوص نشستوں میں خواتین کی 5، علما و مشائخ، اوورسیز کشمیریوں اور ٹیکنوکریٹس کی ایک ایک نشست شامل ہے۔
امیدوار 20 اگست کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ اسی روز جانچ پڑتال کے بعد درست امیدواروں کی فہرست جاری ہو گی۔
کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور کیے جانے کے خلاف اپیلیں 21 اگست کو دائر کی جا سکیں گی، جن پر 22 اگست کو فیصلے ہوں گے۔
پولنگ 24 اگست کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ہال، مظفرآباد میں ہو گی۔
خواتین کی نشستوں پر مریم ادریس، مسز راجہ عابد، مریم کشمیری، ناصرہ سدوزئی، ماریہ ترانہ، سحرش قمر اور نثارہ عباسی کے نام زیر غور ہیں۔
اوورسیز نشست کے لیے مسلم لیگ ن برطانیہ چیپٹر کے صدر عبدالرحمان آرائیں کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔
علما و مشائخ کی نشست کے لیے پیر مظہر سعید کا نام زیر غور ہے، جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بیرسٹر افتخار، شاداب سکندر اور محسن عزیز کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔
آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ مخصوص نشستوں پر انتخابات کے بعد قانون ساز اسمبلی کی تشکیل مکمل ہوگی۔


