مسقط (لارڈ میڈیا): عمان کے ساحل کے قریب پھنسے آئل ٹینکر سے خارج ہونے والا تیل خشکی تک پہنچ چکا ہے، جس سے ماحولیاتی آلودگی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے مطابق روس سے ایشیا جانے والا ٹینکر کیرولین بیزینگی عمان کے ساحل کے قریب پھنس گیا تھا۔
آئی ایم او کے ترجمان نے بتایا کہ تیل عمان کے القبلیہ جزیرے کے شمال مشرقی ساحلی علاقے کی طرف بڑھ رہا ہے، جبکہ کچھ تیل عمان کی سرزمین تک پہنچ چکا ہے۔ حکام نے صورتحال کی نگرانی کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر تیل کا پھیلاؤ بڑھا تو سمندری حیات، ساحلی علاقوں اور ماہی گیری کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ آئی ایم او کے مطابق کیرولین بیزینگی 30 جون کو عمان کے ساحل کے قریب پھنس گیا تھا، جس میں تقریباً 8 لاکھ بیرل خام تیل موجود تھا۔ یہ ٹینکر عمان کے ماہی گیری کے گاؤں شربیتات سے 22 بحری میل کے فاصلے پر ہے۔
حکام تیل کے رساؤ اور آلودگی کے پھیلاؤ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ عمان کا ساحلی علاقہ بحری تجارت اور ماہی گیری کے حوالے سے اہم ہے، اس لیے ماہرین تیل کے اخراج کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔


