اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مال روڈ پر پیش آنے والا واقعہ اشارہ کرتا ہے کہ 27 ستمبر کو بھی ایسا ہی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ اگر ایسا حملہ ہوگا تو حملہ آور کے ہاتھ کاٹے جائیں گے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ نفرت اور انتشار کی وجہ سے نو مئی کا واقعہ پیش آیا اور اسی وجہ سے مال روڈ کا واقعہ ہوا۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر الزام لگایا کہ ان کے بیانات نفرت اور انتشار پھیلاتے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا پوسٹس شہداء کی تضحیک کرتی ہیں اور پی ٹی آئی کو کہا گیا ہے کہ وہ نفرت اور انتشار کی سیاست چھوڑ دے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت خود کو بری الذمہ نہیں کرسکتی کیونکہ وہ اسی کارکن کا دفاع کرتی رہی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ راولپنڈی مال روڈ واقعے کی آزادانہ تحقیقات جاری ہیں اور نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ 11 اگست کو راولپنڈی کے مال روڈ پر ایک مسلح شخص نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا تھا۔ جوابی فائرنگ میں حملہ آور ہلاک ہوگیا تھا۔
پی ٹی آئی نے مذکورہ شخص کے اقدام کو انفرادی فعل قرار دیتے ہوئے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔


