منیلا (لارڈ میڈیا): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں اہم ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ دفتر خارجہ کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار کو سینٹرل اینڈ ویسٹ ایشیا ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل لیا گوٹیریز نے خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم نے بینک کی وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات درج کیے۔ بعد ازاں ایشیائی ترقیاتی بینک میں تعینات پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نشیطہ محسن نے ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔
ملاقات میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ترقیاتی ایجنڈے، پاکستان کے ساتھ شراکت داری اور پاکستانی ماہرین کی خدمات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے ان ماہرین کی مہارت کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
نشیطہ محسن کو ان کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے پاکستان اور بینک کے تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے مین لائن-1 منصوبے کو وزیراعظم کی ترجیح قرار دیا اور اے ڈی بی کی معاونت کو سراہتے ہوئے منظوری کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا۔ بینک نے منصوبے کی پیشرفت کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔


