کراچی (لارڈ میڈیا): اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 2026 سے 2029ء تک کے لیے اپنا پہلا ریسرچ ایجنڈا جاری کر دیا ہے۔ اس ایجنڈے کا مقصد تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی اور ملکی معاشی منظرنامے میں اسٹیٹ بینک کی تحقیقی ترجیحات کی عکاسی کرنا ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی حرکیات، زری پالیسی، مالی شعبے کی گہرائی، استحکام و کارکردگی اور ساختی تبدیلی و اقتصادی ترقی ان کے اسٹریٹجک موضوعات ہیں۔ یہ ایجنڈا تحقیقی خلا کو پُر کرنے اور باخبر میکرو اکنامک پالیسی سازی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
مرکزی بینک کے بیان کے مطابق یہ ریسرچ ایجنڈا معاشی اور مالی شعبے کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تعاون اور علم کے تبادلے کی اہمیت کو اجاگر کرے گا۔ اسٹیٹ بینک کا ہدف انفرادی اور ادارہ جاتی سطحوں پر ماہرینِ تعلیم، پالیسی محققین، سرکاری اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز میں اشتراک کا فروغ ہے۔


