لاہور (لارڈ میڈیا): شہری باز محمد کے نام پر 421 گاڑیاں، رکشے اور موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر لاکھوں روپے کے ای چالان واجب الادا ہیں۔ یہ انکشاف ٹریفک پولیس کے جنرل ہولڈاپ کے دوران ہوا جب ایک موٹر سائیکل سوار کی ملکیت کی جانچ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق باز محمد کے نام پر 20 لاکھ 88 ہزار 800 روپے سے زائد کے ای چالان بھی واجب الادا ہیں۔ کارروائی کے دوران مذکورہ شہری کی موٹر سائیکل کو تھانہ مسلم ٹاؤن میں بند کر دیا گیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر ای چالان نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق لاہور میں جعلی یا مشتبہ رجسٹریشنز کی جانچ کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری ہے اور ای چالان نادہندگان کو سخت کارروائی کے لیے تیار رہنا ہوگا۔


