راولاکوٹ (لارڈ میڈیا): آزاد کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں کشیدہ صورتحال کے باعث سکیورٹی فورسز نے کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سپلائی بازار اور سی ایم ایچ کے سامنے احتجاج کرنے والوں کو منتشر کر دیا ہے۔ شہر میں بازار اور دکانیں بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک غائب ہے۔ شہر کے داخلے کے تمام راستوں پر سکیورٹی فورسز نے ناکے لگا دیے ہیں۔
ترجمان انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کے مطابق 7 جون کو کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح عناصر نے راولاکوٹ میں امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کی۔ ان عناصر نے سی ایم ایچ راولاکوٹ کا محاصرہ کیا جس کے باعث اسپتال کی معمول کی خدمات متاثر ہوئیں۔ تاہم، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن برقرار رکھا۔
ترجمان کے مطابق 7 اور 8 جون کی درمیانی شب سی ایم ایچ کا محاصرہ ختم کروایا گیا اور شہریوں، مریضوں، طبی عملے اور سرکاری املاک کا تحفظ کیا گیا۔ اسپتال کی تمام طبی خدمات بحال ہو چکی ہیں۔ 6 جون سے اب تک پرتشدد فائرنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے 3 افراد اپنی ہی فائرنگ میں مارے گئے۔ آزاد کشمیر حکومت نے حال ہی میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیا تھا اور اس تنظیم نے 9 جون کو ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔


