اسٹینڈ اپ (انگریزی): چن یوشان، نمائندہ شِنہوا
”اپنے پارسلوں پر لگنے والی پلاسٹک ٹیپ کے بارے میں سوچیں۔ یہ بلاشبہ استعمال میں آسان ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ یہ قدرتی طور پر تحلیل نہیں ہوتی اور ماحول کو نقصان پہنچاتی ہے۔ آئیے آج میں آپ کو ایک مختلف قسم کی ٹیپ دکھاتی ہوں۔ میرےبالکل پیچھے موجود ورکشاپ میں بانس سے تیار کی جانے والی ایسی ٹیپ بن رہی ہے جو قدرتی طور پر تحلیل ہو جاتی ہے۔“
یہ ماحول دوست مواد چین کے مشرقی صوبہ جیانگشی کے شہر گان ژو میں واقع ایک تحقیقی ادارے کے محققین نے تیار کیا۔
اس ٹیکنالوجی کے ذریعے بانس سے انتہائی خالص سیلولوز حاصل کیا جاتا ہے اور پھر ایک جدید اور نہایت دقیق پیداواری عمل کے ذریعے شفاف فلم تیار کی جاتی ہے۔
سال 2025 میں صوبہ جیانگشی کے شہر فوژو میں اس ٹیکنالوجی کی صنعتی پیمانے پر پیداوار شروع کر دی گئی تھی۔
اس مواد سے ماحول دوست پیکنگ ٹیپ، جراثیم سے پاک طبی پیکیجنگ، کھیتوں میں استعمال ہونے والی ماحول دوست حفاظتی فلم اور دیگر متعدد مصنوعات بڑے پیمانے پر تیار کی جا سکتی ہیں۔
ساؤنڈ بائٹ (چینی): لی شنگ شنگ، ڈائریکٹر، جیانگشی پراونشل انجینئرنگ ریسرچ سینٹر فار بمبو ایڈوانسڈ میٹیریلز اینڈ کنورشن
”بانس پر مبنی اس نئے مواد کے نمایاں فوائد ہیں۔ اس میں قدرتی بانس کو خام مال کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ سارا مواد قدرتی طور پر تحلیل ہو جاتا ہے اور پلاسٹک آلودگی پیدا نہیں کرتا۔ بانس تیزی سے بڑھتا ہے اور اسے پائیدار انداز میں کاٹا جا سکتا ہے۔ اس لئے یہ غیر قابلِ تجدید وسائل پر انحصار کرنے والے پیٹرولیم سے تیار پلاسٹک کا زیادہ ماحول دوست اور پائیدار متبادل ہے۔“
نانچانگ، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


