اسلام آباد (لارڈ میڈیا): سپریم کورٹ نے تیزاب گردی کے مجرم عبدالمنان کی عمر قید کی سزا برقرار رکھی اور متاثرہ لڑکی اقرا پروین کو 10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے کم عمری کی بنیاد پر سزا میں نرمی کی اپیل مسترد کر دی۔
جسٹس ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل بینچ نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے کہا کہ تیزاب گردی قتل سے بھی زیادہ ہولناک جرم ہے کیونکہ متاثرہ شخص کو زندگی بھر اذیت میں مبتلا کرتی ہے۔
سپریم کورٹ نے ہائیکورٹس کو ہدایت دی کہ تیزاب گردی کے مقدمات کا ٹرائل چار ماہ میں مکمل کیا جائے اور حکومت کو تیزاب کی کھلی فروخت پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت دی۔
عدالت نے متاثرین کے لیے قومی بحالی فنڈ قائم کرنے کا حکم دیا اور پلاسٹک سرجری و نفسیاتی علاج کے اخراجات حکومت کو برداشت کرنے کی ہدایت کی۔
سپریم کورٹ نے رجسٹرار کو فیصلے کی نقول تمام متعلقہ اداروں کو بھجوانے کا حکم دیا۔


