بلوچستان (لارڈ میڈیا): بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سینئر صحافی لالا اسرافیل جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لالا اسرافیل کو دکان کے باہر نشانہ بنایا گیا، جہاں انہیں چھ گولیاں لگیں اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
لالا اسرافیل ایک نڈر صحافی تھے جو عوامی مسائل کو اجاگر کرتے تھے اور ہم نیوز سمیت دیگر میڈیا ہاؤسز کے لیے رپورٹنگ کرتے رہے ہیں۔ ان کے قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے لالا اسرافیل کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے شفاف تحقیق کا مطالبہ کیا ہے۔ یونین نے کہا کہ قتل کے اصل محرکات کا پتا لگایا جائے اور ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
پاکستان پریس فاؤنڈیشن کے مطابق ملک میں صحافیوں پر حملے اور قتل کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال کم از کم 137 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں 8 صحافیوں کا قتل شامل ہے۔ صحافیوں کو جسمانی تشدد اور بدتمیزی کے علاوہ دیگر خطرات کا بھی سامنا ہے۔


