ہومانٹرٹینمنٹبھارتی لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے چل بسیں

بھارتی لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے چل بسیں

بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کی لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے 92 سال کی عمر میں چل بسیں، انکی آخری رسومات آج شام کو ادا کی جائیں گی۔

میڈیا کے مطابق آشا بھوسلے سینے میں انفکشن کے سبب ہسپتال میں داخل تھیں، انکی موت متعدد اعضاء کے کام چھوڑ جانے کے سبب ہوئی، انکے ہسپتال میں داخل ہونے کی خبر پوتی زنائی بھوسلے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کی تھی، انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ میری دادی آشا بھوسلے کو انتہائی تھکن اور سینے میں انفکشن کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

آشا بھوسلے نے فلمی گانوں، غزلوں، قوالی اور کلاسیکی موسیقی سمیت 20سے زائد زبانوں میں گیت گائے۔

2011 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے انہیں دنیا کی سب سے زیادہ ریکارڈنگ کرنیوالی گلوکارہ قرار دیا، آشا بھوسلے نے بالی ووڈ میں درجنوں ہٹ گانے گائے ہیں، گلوکارہ کو 2000 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ اور 2008 میں بھارت کے دوسرے سب سے بڑے شہری ایوارڈ پدم وبھوشن سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

آشا بھوسلے کو بھارتی موسیقی کی تاریخ کی سب سے مقبول اور بااثر آوازوں میں شمار کیا جاتا ہے، وہ 8 ستمبر 1933 کو بھارت کے شہر سنگلی میں پیدا ہوئیں، وہ مشہور گلوکارہ لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن تھیں اور بچپن ہی سے موسیقی کے ماحول میں پروان چڑھیں، انہوں نے کم عمری میں ہی فلمی گیت گانا شروع کر دئیے اور دیکھتے ہی دیکھتے اپنی ایک الگ شناخت قائم کر لی، آشا بھوسلے نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1943 میں محض 10سال کی عمر میں کیا جبکہ انہیں کلاسیکی موسیقی کی تربیت انکے والد دینا ناتھ منگیشکر نے دی۔

انہوں نے 1950 کی دہائی میں شہرت حاصل کی اور بالآخر دنیا کی معروف ترین پلے بیک گلوکاراں میں شمار ہونے لگیں، انکی آواز چنچل، جذباتی اور بے حد ہمہ گیر تھی، اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے فلمی گانوں، غزلوں، قوالی اور کلاسیکی موسیقی سمیت 12ہزار سے زائد گانے ریکارڈ کئے اور ایک ہزار سے زیادہ بالی ووڈ فلموں کیلئے اپنی آواز دی، انکی خدمات کے اعتراف میں انہیں 7فلم فیئر ایوارڈز سمیت کئی قومی اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں