وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلویز کو جدید، محفوظ و قابل اعتماد سفری نظام میں تبدیل کرنے کیلئے اصلاحاتی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر کاربند، معاشی حالات میں اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کر رہی ہے۔
جاری بیان کے مطابق پیر کو وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں پاکستان ریلویز کی مجموعی کارکردگی، جاری اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر ریلویز نے وزیراعظم کو پاکستان ریلویز کے آپریشنل امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خلیج کی صورتحال میں عوام پر اضافی بوجھ کے باعث عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں چلنے والی تمام آپریشنل ٹرینوں کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں حکومت عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کر رہی ہے، ریلوے نظام کو بہتر بنا کر آمدن میں اضافہ کرنے پر توجہ دی جائے۔
وزیراعظم نے پاکستان ریلویز کو جدید، محفوظ اور قابل اعتماد سفری نظام میں تبدیل کرنے کیلئے اصلاحاتی اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر کاربند ہے، تمام اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے وزیر ریلویز کو ہدایت کی کہ ریلویز کے جاری منصوبے بروقت مکمل کر کے عوام کو بہتر، محفوظ و سستی سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔


