اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور خیبرپختونخوا حکومت پر دہشتگردوں کی سہولت کاری کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال سے لاعلم ہے اور دہشتگردوں کے خلاف اقدامات سے گریزاں ہے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تمام سیاسی جماعتوں کو دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا، تاہم تحریک انصاف دہشتگردوں کی منظورِ نظر جماعت ہے۔
وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور افغانستان کی ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی سہولت کاری کرنا پی ٹی آئی کی پالیسی کا حصہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو دہشتگردوں کی سہولت کاری سے باز رہنا چاہیے۔
عطا تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کم اور ٹی ٹی پی کے کمانڈر زیادہ نظر آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کا مقابلہ کر رہی ہیں اور افغانستان کی جانب سے ہونے والی فائرنگ اور دراندازی کے باوجود وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اس کی مذمت نہیں کی۔
عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کے احتجاج اور لانگ مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے دھرنے کے لیے کسی قسم کی تیاری نہیں ہے اور انہیں چیلنج دیا کہ ہمت ہے تو آؤ لانگ مارچ کرو۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا حکومت کو غیرقانونی ٹھیکوں میں ملوث کر رہی ہے۔


