ہومUncategorizedتاریخ کو سیاسی مفادات کے لیے مسخ کیا گیا ہے، خواجہ آصف

تاریخ کو سیاسی مفادات کے لیے مسخ کیا گیا ہے، خواجہ آصف

سیالکوٹ (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں استاد اور شاگرد کے رشتے کا تقدس متاثر ہوا ہے جبکہ تعلیمی نصاب اور تاریخ کو مختلف ادوار میں حکمرانوں اور بیرونی طاقتوں کی ترجیحات کے مطابق مسخ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باعث نئی نسل کو درست تاریخی شعور اور کردار سازی پر مبنی تعلیم نہیں مل سکی۔ خواجہ آصف نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ تعلیمی نصاب اپنی اصل روح سے ہٹ چکا ہے اور پاکستان تحریک، برصغیر، مسلم تاریخ اور عالمی تاریخ کا معیار برقرار نہیں رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ادوار میں حکمرانوں کی سیاسی ضروریات اور بعض سپر پاورز کو خوش کرنے کے لیے تاریخ کو تبدیل اور مسخ کیا گیا، جس کے نتیجے میں طلبہ کو کئی ایسے حقائق پڑھائے گئے جو حقیقت پر مبنی نہیں تھے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ تعلیمی نظام اور نصاب کو قومی ضروریات اور معاشرتی تقاضوں کے مطابق تشکیل دینا ہوگا تاکہ نئی نسل کو درست تاریخی شعور، بہتر اخلاقی اقدار اور مثبت کردار کے ساتھ مستقبل کی ذمہ داریاں نبھانے کے قابل بنایا جا سکے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کی ضروریات کے مطابق نصاب نہیں پڑھایا جا رہا، بہت سی طالبات میڈیکل ڈگری حاصل کرنے کے بعد عملی طب نہیں کرتیں، یہ ہمارے معاشرے کا ایک بڑا المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو خود منزل کا پتہ نہیں، وہ دوسروں کی کیا رہنمائی کریں گے، قومی شناخت کے تقاضوں کے لیے خطے میں پڑھایا جانے والا نصاب انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی شناخت کے فروغ کے لیے پنجاب سے گلگت بلتستان تک یکساں نصاب ہونا چاہئے، قومی اہداف کے حصول کے لیے ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ معرکۂ حق کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، دہشت گردی سے پہچانا جانے والا ملک آج امن کی علامت بن کر ابھرا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں