اسلام آباد (لارڈ میڈیا): حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ہفتہ وار فارمولا مرتب کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر یہ اقدام عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے کیا گیا ہے۔
وزیر نے کہا کہ برطانوی خام تیل کی قیمت میں 3.20 ڈالر اور امریکی خام تیل کی قیمت میں 2.86 ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جس کی روشنی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا نیا فارمولا تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس فارمولے سے عوام قیمتوں میں تبدیلی کی وجوہات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے اور حکومت توانائی سلامتی کے فریم ورک کا ازسرِنو جائزہ لے رہی ہے۔


