لاہور (لارڈ میڈیا): پاکستان کرکٹ بورڈ نے ریڈ اور وائٹ بال کرکٹرز کے لیے لاہور میں طویل المدتی تربیتی کیمپس کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام قومی ٹیموں کی کارکردگی بہتر بنانے اور آئندہ بین الاقوامی مصروفیات کے لیے کھلاڑیوں کی تیاری کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
ریڈ بال اور وائٹ بال کرکٹرز کے لیے الگ الگ کیمپ لگائے جائیں گے جن میں مجموعی طور پر 49 کھلاڑی شرکت کریں گے۔ ریڈ بال کیمپ کا آغاز 8 جون سے ہوگا جبکہ وائٹ بال کھلاڑی 15 جون سے کیمپ جوائن کریں گے، دونوں کیمپس بیک وقت جاری رہیں گے۔
ریڈ بال کرکٹرز کا کیمپ 10 جولائی تک جاری رہے گا، ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل ایک خصوصی پری ٹور کیمپ منعقد کیا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم کے 15 جولائی کے قریب ویسٹ انڈیز روانہ ہونے کی توقع ہے۔
وائٹ بال کیمپ 18 ستمبر تک جاری رہے گا تاکہ کھلاڑیوں کو ایشین گیمز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اور سری لنکا و انگلینڈ کے ساتھ متوقع سہ ملکی ایک روزہ سیریز کے لیے بھرپور انداز میں تیار کیا جا سکے۔
ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اپنے اپنے کیمپس کی نگرانی کریں گے۔ ریڈ بال کیمپ کے لیے 22 جبکہ وائٹ بال کیمپ کے لیے 27 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ون ڈے کپتان شاہین آفریدی وائٹ بال اسکواڈ میں شامل ہیں تاہم امکان ہے کہ وہ اپنی بولنگ پر بھی کام کریں گے۔


