اسکردو (لارڈ میڈیا): چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایران جنگ کے نتیجے میں معاشی بحران پیدا ہوا ہے اور صرف پیپلزپارٹی ہی ان مسائل کو حل کر سکتی ہے۔ انہوں نے اسکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی امن کی کوششوں پر فخر کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی پسماندہ طبقے کی نمائندگی کرتی ہے اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بچانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بجٹ میں بینظیر انکم سپورٹ فنڈ میں اضافہ کروایا جائے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جی بی کے مسائل کے حل کے لیے 18ویں ترمیم میں دیے گئے اختیارات یہاں بھی دیے جائیں اور حق ملکیت حاصل کرنا ہوگا۔ انہوں نے جی بی کے عوام کو عوام دوست حکومت منتخب کرنے کی دعوت دی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سیاست عام آدمی کی سیاست ہے اور سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کو 20 لاکھ گھر بنا کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے مزدوروں کو مالک بنایا اور یہ ہماری ترقی کی بنیاد ہے۔


