کراچی (لارڈ میڈیا): اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے، کیونکہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس اب سعودی ریال اور متحدہ عرب امارات کے درہم میں بھی دستیاب ہوں گے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایک سرکلر کے ذریعے اس کی تصدیق کی ہے۔
سرکلر کے مطابق یہ سرٹیفکیٹس پہلے سے ہی پاکستانی روپے، امریکی ڈالر، برطانوی پاؤنڈ اور یورو میں دستیاب ہیں۔ سعودی ریال اور یو اے ای درہم کے لیے کم از کم سرمایہ کاری ایک ہزار یونٹس پر مشتمل ہوگی اور مزید سرمایہ کاری 500 یونٹس کے ضرب سے بڑھائی جا سکے گی۔
پاکستانی روپے میں سرمایہ کاری کی کم از کم حد 10 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جس میں اضافہ ایک ہزار روپے کے ضرب سے کیا جا سکتا ہے۔
سعودی ریال میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی نیشنل بینک اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ نمبرز استعمال ہوں گے، جبکہ یو اے ای درہم میں سرمایہ کاری کے لیے فرسٹ ابو ظہبی بینک اور سٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ نمبرز استعمال کیے جائیں گے۔
منافع کی شرح کے حوالے سے سٹیٹ بینک نے بتایا ہے کہ سعودی ریال اور یو اے ای درہم میں جاری کیے جانے والے سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح تین ماہ کے لیے 6.50 فیصد اور پانچ سال کے لیے 7.50 فیصد مقرر کی گئی ہے۔


