اسلام آباد (لارڈ میڈیا) : جولائی 2026 کے دوران حکومت کو 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے زائد کی بیرونی مالی معاونت ملی، جس میں 74 کروڑ 46 لاکھ ڈالر قرض اور ایک کروڑ 83 لاکھ ڈالر گرانٹ شامل ہے۔ اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق یہ رقم پاکستانی کرنسی میں تقریباً 214 ارب 99 کروڑ روپے کے برابر ہے، جس میں 209 ارب 88 کروڑ روپے قرض اور 5 ارب 10 کروڑ روپے گرانٹ شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی 2025 کے مقابلے میں بیرونی مالی معاونت میں 10 فیصد اضافہ ہوا، تاہم جون 2026 کے مقابلے میں 81 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ جون 2026 میں حکومت کو 4 ارب ڈالر سے زائد بیرونی مالی معاونت ملی تھی۔
اقتصادی امور ڈویژن نے مزید بتایا کہ جولائی 2026 میں دوطرفہ ممالک نے ایک کروڑ 96 لاکھ ڈالر جبکہ مختلف عالمی اداروں نے 25 کروڑ 28 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کے ذریعے 34 کروڑ 39 لاکھ ڈالر کا قرض لیا گیا، جبکہ عالمی بینک نے 13 کروڑ ڈالر اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے 5 کروڑ 91 لاکھ ڈالر قرض فراہم کیا۔ چین نے 14 کروڑ 66 لاکھ ڈالر کا گارنٹی شدہ قرض دیا۔


