لندن (لارڈ میڈیا): پاکستان رائفل ٹیم نے ایف کلاس برٹش اوپن 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 تمغے جیت لیے۔ برطانیہ میں منعقدہ اس بین الاقوامی شوٹنگ ٹورنامنٹ میں 12 رکنی پاکستانی ٹیم نے 7 گولڈ میڈلز سمیت مجموعی طور پر 13 تمغے اپنے نام کیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز کی زیرقیادت پاکستانی ٹیم نے دنیا کے 24 ممالک سے شریک تقریباً 185 بہترین نشانہ بازوں کا مقابلہ کیا۔ پاکستانی نشانہ بازوں نے انفرادی اور مجموعی مقابلوں میں اپنی صلاحیت، تسلسل اور مسابقتی برتری کا شاندار مظاہرہ کیا۔
حذیفہ گل نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف مقابلوں میں 4 طلائی، 2 چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا۔ ایف کلاس برٹش اوپن 2026 میں احسن گل نے 1000 یارڈز مقابلوں میں 2 طلائی تمغے حاصل کیے۔
محمد ولید نے 1000 یارڈز کے مقابلے میں طلائی اور ایف ٹی آر مجموعی مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا۔ عبید ابراہیم اور جنید علی نے 800 یارڈز کے مقابلوں میں کانسی کے تمغے حاصل کیے۔
برٹش اوپن میں شاندار کامیابی کے بعد پاکستان کی قومی شوٹنگ ٹیم نے بین الاقوامی چیمپئن شپ کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا۔ پاکستان لانگ رینج رائفل ایسوسی ایشن کے مطابق یہ کامیابی لانگ رینج رائفل شوٹنگ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مہارت اور عالمی سطح پر بہترین مقابلے کی اہلیت کا ثبوت ہے۔


