ہانگ کانگ (لارڈ میڈیا): ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ 2026 کے پلیٹ ڈویژن میں پاکستان نے دوسری کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان ویمنز نیٹ بال ٹیم نے ایونٹ میں جنوبی کوریا کے خلاف 23-72 سے زبردست فتح پائی۔
گرین شرٹس نے اپنے گروپ کے تیسرے میچ کے دوران بہترین ٹیم ورک، نظم و ضبط اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار فتح اپنے نام کی۔ لیا رضا شاہ، فرح، نورالعین اور سمایا نے بہترین کھیل پیش کیا۔
پاکستان گروپ میں اپنا چوتھا میچ چائینز تائیپے کے خلاف بدھ کو کھیلے گا۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں جاپان کو 34-58 سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں تھائی لینڈ نے پاکستان کو 48-66 سے زیر کر لیا تھا۔
پلیٹ ڈویژن ایونٹ میں جاپان، تھائی لینڈ، چائینز تائیپے اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان ویمن نیٹ بال ٹیم کی کپتان نور العین حسین ہیں جبکہ ہارونہ زمان کوچنگ کی ذمہ داری ادا کر رہی ہیں۔


