کراچی (لارڈ میڈیا): پاکستان نے 21 ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں مرتبہ عالمی ٹیم ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے سب سے زیادہ ٹرافیاں جیت کر عالمی سطح پر اپنی برتری ثابت کی۔
ٹیم ایونٹ میں پاکستان نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ انفرادی مقابلے میں آسٹریلیا کے دینتھ فرنینڈو عالمی چیمپئن بن گئے۔ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کے 3 کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کے احمد سلمان نے انڈر 16 کیٹیگری، احد صولت فاطمی نے انڈر 14 کیٹیگری میں عالمی چیمپئن شپ جیت لی۔ انڈر 12 کیٹیگری میں پاکستان کے مصطفیٰ فرحان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم کے کم عمر ترین کھلاڑی تیمور وسیم نے انڈر 10 کیٹیگری میں عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ تیمور وسیم نے گزشتہ برس بھی انڈر 8 ورلڈ ٹائٹل جیتا تھا۔ 21 ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں 11 ممالک کے 183 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔


