اسلام آباد (لارڈ میڈیا) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ججز کی تعیناتی سے متعلق سمری کی منظوری نہ ہونے پر صدر اور وزیراعظم کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور وزارت قانون سے جواب طلب کیا ہے۔
یہ نوٹس صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے سمری کی منظوری نہ ہونے کے خلاف درخواست پر جاری کیے گئے ہیں۔ عدالت نے وزارت قانون کو بھی کل تک جواب دینے کا حکم دیا ہے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے وفاقی حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس معاملے میں کوئی دلچسپی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے سوال کیا کہ سمری کس مرحلے پر رکی ہوئی ہے۔
وکیل زاہد آصف چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ آئین میں واضح ہے کہ صدر سمری کو غیر معینہ مدت تک نہیں روک سکتے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ صدر اب سمری مسترد بھی نہیں کر سکتے۔
عدالت نے وفاقی حکومت سے کل تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی اور تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو عدالتی معاونت کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔


