لاہور (لارڈ میڈیا) وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں تعلیم، سکیورٹی، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے امریکی ناظم الامور کا پرتپاک استقبال کیا اور سکیورٹی، اے آئی، ڈیجیٹل اثاثوں اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔
ملاقات میں پنجاب میں سیلاب اور سموگ سے نمٹنے کے لیے امریکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ لاہور میں پنجاب یو ایس بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے مریم نواز شریف کے خواتین کو بااختیار بنانے کے منصوبوں کو سراہا اور لاہور میں بسنت فیسٹیول کے انعقاد اور محفوظ بسنت کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔
نیٹلی اے بیکر نے کہا کہ انہیں پاکستان بالخصوص پنجاب اور لاہور کے لوگ بہت پسند ہیں، پنجاب کے لوگ زندہ دل ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ سال بسنت میلے کو مزید توسیع دی جائے گی۔ پنجاب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ترقی و ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پالیسیاں بنائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں مقیم تقریباً 10 لاکھ پنجاب کے اوورسیز پاکستانی ملک کا قابل قدر اثاثہ ہیں۔ انہوں نے مون سون کے دوران پیشگی اقدامات کے تحت بارشی پانی کے جلد نکاس کو ممکن بنایا ہے۔
وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں خواتین کی آمدورفت کے لیے الیکٹرک سکوٹی اور الیکٹرو بس سروس شروع کی گئی ہے، جبکہ خواتین کو مالی خودمختاری کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ خواتین کے تحفظ کے لیے ڈائریکٹ پنک بٹن اور ورچوئل پولیس سٹیشن جیسے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔


