اسلام آباد (لارڈ میڈیا) : وزیراعظم شہباز شریف نے خبردار کیا ہے کہ اگر نوجوانوں کو جدید علوم سے نہ جوڑا گیا تو پاکستان ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائے گا۔ انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دانش سکولز کا دائرہ کار دیگر صوبوں تک وسیع کیا جا رہا ہے اور صوبائی حکومتوں کو بھی معیاری تعلیمی ادارے قائم کرنے چاہئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے دانش سکولز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے پسماندہ اور مستحق بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے اپنے دورِ حکومت میں پنجاب میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت انہیں تنقید کا سامنا تھا، مگر آج یہی لیپ ٹاپ نوجوانوں کو جدید دور میں داخل ہونے میں مدد دے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ لیپ ٹاپ کو بعض لوگوں نے صرف ایک مشین قرار دیا، لیکن وہ اسے ایک مشن سمجھتے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے اس مشن کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے، اس لیے انہیں معیاری تعلیم، جدید علوم اور ٹیکنالوجی تک مساوی رسائی دینا قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔


