اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر اخلاقی مواد سے متعلق 10 لاکھ 65 ہزار سے زائد یو آر ایل بلاک کردیے ہیں۔ دستاویز کے مطابق 563 یو آر ایل زیرِ جائزہ اور 9 ہزار 528 مسترد کیے گئے ہیں۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ دہشتگردی سے متعلق ایک لاکھ 79 ہزار 285 یو آر ایل بلاکنگ کے لیے بھیجے گئے، جن میں سے ایک لاکھ 41 ہزار 897 یو آر ایل بلاک کیے گئے جبکہ 23 ہزار 241 زیرِ جائزہ ہیں۔
اسلام کی عظمت کے خلاف مواد کی کیٹیگری میں ایک لاکھ 36 ہزار 891 یو آر ایل پراسیس کیے گئے۔ پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے خلاف مواد کی کیٹیگری میں ایک لاکھ 25 ہزار 427 یو آر ایل پراسیس کیے گئے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے خلاف مواد کے 74 ہزار 59 یو آر ایل بلاک کیے گئے۔ فرقہ وارانہ اور نفرت انگیز تقریر کی کیٹیگری میں 76 ہزار 526 یو آر ایل پراسیس کیے گئے۔ پراکسی کیٹیگری میں 10 ہزار 319 یو آر ایل میں سے 10 ہزار 318 بلاک کیے گئے۔
دستاویز کے مطابق بدنامی اور نقالی کی کیٹیگری میں 44 ہزار 200 یو آر ایل پراسیس اور 17 ہزار 356 بلاک کیے گئے۔ مجموعی طور پر مختلف کیٹیگریز میں 15 لاکھ 42 ہزار 800 یو آر ایل بلاک کیے گئے جبکہ 76 ہزار 874 زیرِ جائزہ اور ایک لاکھ 6 ہزار 629 مسترد کیے گئے۔


