لاہور (لارڈ میڈیا) : لاہور میں میٹرو بس سروس چلانے والی نجی کمپنی نے فیول فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث 11 اگست سے آپریشنز معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو حتمی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی وسائل ختم ہو چکے ہیں اور بسیں چلانا ممکن نہیں رہا۔
کمپنی کے مطابق 29 جولائی کے عدالتی حکم پر عمل نہیں ہوا، جس کی وجہ سے آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمپنی نے بتایا کہ 6 اگست کو مسئلے کے حل پر اتفاق ہوا تھا، مگر ابھی تک کوئی مؤثر انتظام نہیں کیا گیا۔
کمپنی نے انتباہ دیا ہے کہ اگر فیول کی فراہمی اور واجبات کا مسئلہ حل نہ ہوا تو 11 اگست سے میٹرو بس کے تمام آپریشنز معطل رہیں گے۔
دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ کے ترجمان نے میٹرو بس سروس بند ہونے کی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور فریقین کے درمیان ثالثی کا عمل جاری ہے۔


