اسلام آباد (لارڈ میڈیا): الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان کے چار بلدیاتی حلقوں میں 9 اگست کو ہونے والی پولنگ امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے باعث ملتوی کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خضدار، قلات اور ضلع حب کے مختلف بلدیاتی وارڈز میں پولنگ مزید احکامات تک ملتوی رہے گی۔
میونسپل کارپوریشن خضدار کے وارڈ نمبر 12 اور میونسپل کمیٹی قلات کے وارڈ نمبر 13 میں بھی پولنگ مؤخر کردی گئی ہے۔ اسی طرح ضلع حب کی یونین کونسل 16 کے وارڈ نمبر 3 اور یونین کونسل 17 کے وارڈ نمبر 5 میں بھی پولنگ نہیں ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ان حلقوں میں انتخابی عمل کا انعقاد مناسب نہیں، امیدواروں اور ووٹرز کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے پولنگ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مذکورہ چاروں حلقوں میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔


