ہومتازہ ترینایران پاکستان تعلقات کے ٹو کی بلندی کو چھو رہے ہیں، ایرانی...

ایران پاکستان تعلقات کے ٹو کی بلندی کو چھو رہے ہیں، ایرانی سفیر

اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات دماوند اور کے ٹو کی عظیم چوٹیوں جتنے بلند اور مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بیرونی طاقت دونوں ممالک کے درمیان محبت کو کمزور نہیں کر سکتی۔

ایرانی سفیر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایران اور پاکستان کے تاریخی تعلقات نے وقت کی ہر آزمائش کا ثابت قدمی سے مقابلہ کیا ہے۔ صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ اور ثقافت پر استوار دونوں ممالک کے روابط آج بھی مضبوط ہیں۔

رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران پاکستان کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک تھا، جبکہ پاکستان بھی اسلامی جمہوریہ ایران کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک بنا۔ یہ تاریخی سنگ میل دونوں ممالک کے غیر معمولی تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں، جو اب مزید مضبوط ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران ایران اور پاکستان کے تعلقات میں نمایاں وسعت آئی ہے۔ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے نمائندے ہمیشہ تعاون اور یکجہتی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

ایرانی سفیر کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے پہلے ہی روز پاکستانی پارلیمنٹ نے ایران کی حمایت میں قرارداد منظور کی۔ ایران کے عوام نے بھی سڑکوں پر ایران اور پاکستان کے پرچم لہرا کر محبت کا اظہار کیا۔

رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر نے اپنے پہلے نوروز پیغام میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں اعلیٰ سطحی رابطوں میں نمایاں اضافہ ہوا، جس میں اہم دورے شامل رہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں کوئی چیلنج ان کے درمیان دوستی کو متاثر نہیں کر سکتا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں