لاہور (لارڈ میڈیا): پاکستان کے معروف فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ذاتی وجوہات کے باعث لنکا پریمیئر لیگ چھوڑ کر وطن واپس آگئے ہیں۔
شاہین کا اپنی ٹیم کینڈی رائلز کے ساتھ 19 جولائی کے میچ میں شامل نہ کرنے پر اختلاف بھی ہوا تھا۔ کولمبو کیپٹلز کے خلاف میچ میں انہیں امپکٹ پلیئر کے طور پر کھلانے کا کہا گیا مگر آفیشل ٹیم شیٹ میں ان کا نام شامل نہیں تھا جس پر ناراضی کا اظہار کیا۔
کینڈی رائلز انتظامیہ نے اس پر شاہین آفریدی سے معذرت کی اور بتایا کہ اینالسٹ کی غلطی کے باعث ان کا نام فہرست میں شامل نہ ہو سکا۔ انتظامیہ کی معذرت کے بعد شاہین نے بقیہ میچز میں حصہ لیا۔ انہوں نے لیگ کے 6 میچز میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔
ذرائع کے مطابق اگر کینڈی رائلز پلے آف مرحلے میں پہنچتی ہے تو شاہین دوبارہ ٹیم کو جوائن کریں گے۔


