مظفر آباد (لارڈ میڈیا) چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے اعلان کیا ہے کہ ایل اے 27 کا ملتوی ہونے والا الیکشن اب منگل 4 اگست کو منعقد ہوگا۔ جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ اور روڈ بند ہونے کی وجہ سے الیکشن ملتوی کیا گیا تھا جبکہ رات کی شدید بارش سے درخت گرنے سے روڈ بلاک ہوئے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آزاد کشمیر کی مہاجر نشستوں پر سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری ریاست میں صرف ووٹ سے تبدیلی آتی ہے اور ووٹ ایک اسلامی فریضہ ہے، لوگوں کو اپنے فرض کی ادائیگی کرنی چاہیے۔
غلام مصطفیٰ مغل نے مزید کہا کہ میر پور ڈویژن سے بہتر ٹرن آؤٹ متوقع ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جو بھی شکایت آئے گی اس پر فوری ایکشن لیا جائے گا اور قانون کے مطابق کام کیا جائے گا۔ حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور پاکستان میں کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔ پولنگ کے موقع پر 4 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں جبکہ ووٹرز کے تحفظ کے لیے مسلح افواج کی کوئیک رسپانس فورس بھی موجود ہوگی۔


