لاہور (لارڈ میڈیا): مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، جہاں تربیلا میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 36 ہزار کیوسک اور چشمہ میں 3 لاکھ 2 ہزار کیوسک ہے۔
دریائے چناب میں مرالہ اور قادرآباد کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 95 ہزار کیوسک، خانکی پر 2 لاکھ 62 ہزار کیوسک، اور قادر آباد پر 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے جبکہ دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 73 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے راوی کے جسڑ شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی کے مقام پر بہاؤ نارمل ہے، جبکہ نارروال نالہ بسنتر میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ گجرات نالہ بھمبر اور وزیرہ آباد نالہ پلکھو میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے سبب دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔


